حضرت علامہ سید احمد سعید کاظمی رحمۃ اللہ علیہ کی مذہبی اور ملی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ تحریک پاکستان میں بھی آپ نے اکابرین ملت کے شانہ بشانہ کام کیااورمسلم لیگ کے سٹیج سے قیام پاکستان کے لئے جلسے کئے اور قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت (مرتد)قرار دلوانے کے لئے مسلم لیگ کے اجلاس میںسب سے پہلے قرار دادپیش کرنے کااعزاز بھی آپ کوحاصل ہے۔
ملک وملت کی تعمیر واصلاح کے لئے امام اہل سنت نے ہرتحریک میں بھرپور حصہ لیا،وہ دستور ِپاکستان کی تیاری ہویا 1953ء کی تحریک ختم نبوت ،قیام پاکستان کے بعد مہاجرین کی امداد ہویاسیلاب زدگان کی معاونت،مجاہدین کشمیرکی سرپرستی ہو یا1977ء کی تحریک نظام مصطفی ، ملک کاکوئی اور رفاہی کام ہویا معاشرتی، سماجی واخلاقی خدمت ہرتحریک میں بھرپورشرکت فرمائی اورمہم میں بے مثل قائدانہ کردار اداکیا۔