خانوادئہ سید امام موسیٰ کاظم رضی اللہ عنہ کے عظیم سپوت، امام اہل سنت غزالی زماں، رازی دوراں، قطب زماں حضرت علامہ سید احمد سعید کاظمی رحمۃ اللہ علیہ کی علمی عظمت، روحانی شان، اہل سنت کے لئے تنظیمی خدمات،درس وتدریس اور تقریر وتحریر کے تمام پہلوؤں پر آپ اس سے پہلے ملاحظہ فرماچکے ہیں جو راقم نے اختصار کو پیش نظر رکھتے ہوئے چند سطور تحریر کیں۔
ورنہ امام اہل سنت اور آپ کا خانوادہ ایک طویل تاریخی حیثیت کے حامل ہیں اس مختصر تحریر میں آپ کی علمی، روحانی، دینی، مذہبی، تدریسی، تحریری اور ملی خدمات کا احاطہ ناممکن ہے۔
اس تحریر میں حضرت صاحبزادہ صاحب کی علمی شان، روحانی عظمت تدریسی وقار اور تمام خوبیوں کابھی احاطہ ممکن نہیں دراصل غزالی زماں نے اپنے فرزند جری کوخاص طور پر علمی، روحانی، عملی اور تدریسی میدان میں تربیت دے کر تیار فرمایا قبلہ کاظمی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے انہیں وہ سب کچھ عطا فرمایا جو ماحول اور حالات کے تحت ضروری تھا۔
ظاہری وباطنی علوم میں آپ کے مقامات کو بلند وبالا فرمادیا کیونکہ اسی صاحبزادہ والا مرتبت نے اپنے عظیم والدومرشد ومربی کے مشاغل درس وتدریس کو سنبھالنا تھا۔
ولادت
حضرت علامہ صاحبزادہ سید ارشد سعید کاظمی مدظلہٗ 13مارچ 1964ء مطابق ۲۷ شوال المکرم کوجمعہ کے دن متولد ہوئے۔ والدین کریمین نے نومولود کی بلائیں لیں اور نہایت لاڈ پیا کے ساتھ پرورش کی۔ بچپن کی زندگی نازونعم سے گزری۔ ان کی ولادت سے پہلے چار بھائی اور بہنیں متولد ہو چکی تھیں۔ گھر کے سارے صالح افراد آپ کی ولادت باسعادت سے بے پناہ فرحان وشاداں تھے۔